سعودی اتحاد کا الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ، حوثیوں کی جدہ سمیت سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

سعودی اتحاد نے حملوں سے قبل سوشل میڈیا پر الحدیدہ کے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تھی


ویب ڈیسک November 25, 2026

یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے سعودی قیادت کے اتحاد نے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر الحدیدہ کی بندرگاہ اور شمالی یمن کے دو صوبوں میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب حوثی میڈیا نے الحدیدہ شہر، بندرگاہ اور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملوں کی اطلاع دی ہے۔

سعودی قیادت کے اتحاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری مختصر بیان میں کہا کہ اس کی افواج نے حوثیوں کے زیر انتظام الحدیدہ بندرگاہ پر ان کی آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اتحاد کے مطابق شمالی یمن کے صوبوں صعدہ اور عمران میں بھی متعدد اہداف تباہ کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل حوثی میڈیا نے بدھ کی صبح الحدیدہ شہر پر سعودی حملے کی خبر دی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی اتحاد نے حملوں سے قبل سوشل میڈیا پر الحدیدہ کے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔

حوثیوں کے زیر انتظام میڈیا ادارے المسیرہ نے بندرگاہ پر حملے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں شدید فضائی حملے اور طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔ اس نے علاقے کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا۔ ابتدائی اطلاعات میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں دی گئی۔

دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی عرب کو جوابی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر الحدیدہ بندرگاہ پر حملے کیے گئے تو جدہ کی بندرگاہ سمیت بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع دیگر سعودی بندرگاہیں بھی حوثی فورسز کے نشانے پر ہوں گی۔

یحییٰ سریع نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں سے دور ہوجائیں۔ انہوں نے بحری جہاز رانی کی کمپنیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی کشتیاں اور جہاز ان بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔