کوئٹہ:
بلوچستان کے علاقے پشیکن میں پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ انسداد اسمگلنگ آپریشن کیا، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی معاونت سے بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے ’’جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر‘‘ کے اشتراک سے بلوچستان کے علاقے پیشکان میں مشترکہ انسدادِ اسمگلنگ آپریشن کیا، انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے آپریشن میں ممنوعہ اشیاء کی ایک بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
مصدقہ انٹیلی جنس معلومات پر عمل کرتے ہوئے کیے گئے اس مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں بھاری مقدار میں شراب اور غیر قانونی ادویات ضبط کر لی گئیں، ضبط شدہ ممنوعہ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب مشترکہ آپریشن اسمگلنگ کی روک تھام میں مختلف اداروں کے مابین باہمی تعاون کی افادیت کو اجاگر کرتا ہے، اور ساتھ ہی پاکستانی سمندری حدود اور سرزمین کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے حوالے سے پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے پشکان میں اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنانے پر پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کو سراہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس کامیاب آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک سے اسمگلنگ کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے اداروں کے مابین باہمی رابطہ اور تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مستعدی اور تیاری کی تعریف کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے پشکان میں اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کی ستائش کی۔ انہوں نے مشترکہ آپریشن میں حصہ لینے والی پوری ٹیم کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔