ایشین گیمز کے کرکٹ ٹورنامنٹ کیلیے سخت محنت کی ہے، مائیک ہیسن

پاکستان کی قیادت کرنے والے باصلاحیت بیٹر صاحبزادہ فرحان  سے بہت امیدیں ہیں، ہیڈ کوچ


زبیر نذیر خان September 23, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ جاپان میں جاری 20ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی گئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کے اوول گراؤنڈ پر جاری تربیتی کیمپ کے تیسرے دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ مختصر ٹریننگ کیمپ کے دوران بھرپور تربیت پر توجہ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کے لیے جمعرات کو اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگی، ٹیم کی حالیہ تیاریوں کو دیکھتے ہوئے ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی کے لیے مکمل پرُاعتماد ہیں۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ ایشین گیمز کے قواعد و ضوابط کے تحت کھلاڑیوں کا انتخاب پانچ ماہ قبل ہی عمل میں لایا گیا تھا، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی حالیہ کیمپس کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ایشین  گیمز میں پاکستان کی قیادت کرنے والے باصلاحیت بیٹر صاحبزادہ فرحان  سے بہت امیدیں ہیں، توقع ہے کہ وہ ایشین گیمز میں قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ممکنہ اہم مقابلے کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے اعتراف کیا کہ قومی ٹیم اس وقت مختلف چیلنجز اور جدوجہد کے دور سے گزر رہی ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی مشکلات اور عالمی کپ کے نتائج سب کے سامنے ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے مختلف پہلوؤں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ نو برس قبل پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں عالمی نمبر ون تھا، تاہم گزشتہ 15 ماہ کے دوران کارکردگی کو بہتر بنانے کی مسلسل کوشش کی گئی ہے، پاکستان ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہے۔

ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک تجربے کار اور بہترین بولر ہیں لیکن اس وقت تمام تر توجہ نوجوان و ابھرتے ہوئے اٹیکنگ بولرز کو تیار کرنے پر مرکوز ہے، اس کے ساتھ ساتھ ٹاپ آرڈر بیٹرز کی کارکردگی میں تسلسل لانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے عاقب جاوید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے نظام کو سدھارنے کے لیے انتہائی اہم اقدامات کر رہے ہیں اور امید ہے کہ آنے والے وقت میں قومی کرکٹ ٹیم دوبارہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔