جاپان کے شہر ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز 2026 میں اسکواش مقابلوں کے پہلے روز پاکستان نے 5 میں سے 3 میچز میں فتح حاصل کرلی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ناگویا کنجو فوتو ایرینا میں کھیلے جانے والے مکسڈ ڈبلز ایونٹ کے راؤنڈ 32 میں پاکستان کے محمد عاصم خان اور مہوش علی نے نیپال کی بیپانا بھولن اور ارہنت سنہا کو 0-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
مینز سنگلز میں محمد اشہب عرفان نے لبنان کے جیسن کرم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے قابو کرلیا۔
عالمی انڈر23 چیمپئن نور زمان نے فلپائن کے وین ایرو اینجلو ڈالیڈا کو 0-3 سے زیر کرلیا۔
ویمنز سنگلز میں سنگاپور کی وائی یان اوینگ نے پاکستان کی ماہ نور علی کو 0-3 سے ہرادیا جبکہ ایران کی نجمہ بوشہری زادے نے سماعت اور قوت گویائی سے محروم پاکستان کی ثناء بہادر کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی۔
دوسرے روز جمعرات کو پاکستانی اسکواش کھلاڑی کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گے۔