آبنائے ہرمز پر تجارتی جہاز پر حملے میں ہلاک شخص بھارتی تھا؛ تفصیلات آگئیں

کارگو جہاز پر پروجیکٹائل لگنے سے آگ بھڑک اُٹھی تھی اور وہ سمندر میں بے سمت سفر کرنے لگا تھا


ویب ڈیسک September 23, 2026
عمان کے ساحل کے قریب حملے کا نشانہ بننے والے کارگو جہاز سے عملے کو نکالا گیا۔

آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے ساحل پر ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع ہے جس میں کم از کم دو ہلاکتوں کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا تاہم اب تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عمانی حکام نے بتایا کہ اینٹیگوا و باربوڈا کے پرچم بردار کارگو جہاز  ایم وی کیپ ڈاؤ کو مسندم گورنری کے ساحل سے تقریباً ڈھائی بحری میل دور نشانہ بنایا گیا تھا۔

جس کے بعد جہاز کے انجن روم میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عملے کے 27 ارکان کو جہاز سے نکال لیا تاہم ایک شخص جانبر نہ ہوسکا۔

بھارتی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص بھارتی شہری تھا اور جہاز کے دیگر عملے میں بھی 19 بھارتی شہری تھے جو محفوظ رہے ہیں۔

بھارتی فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا نے بتایا کہ ہلاک ملاح کی شناخت اتر پردیش کے ضلع دیوریا سے تعلق رکھنے والے سورج یادو کے طور پر کی ہے جو جہاز پر وائپر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

بیان میں بتایا گیا کہ تجارتی جہاز کو دو ٹارپیڈو لگے تھے جن میں سے ایک رہائشی حصے اور دوسرا انجن روم کے قریب لگا۔ تاہم حملے کے ذمہ دار فریق کی سرکاری طور پر شناخت نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی حکام نے بھی اسی روز آبنائے ہرمز میں ایک کارگو جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنائے جانے، آگ لگنے اور عملے کے انخلا کی اطلاع دی تھی۔