کراچی:
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف لائٹ ہاؤس میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ایف آئی آر نمبر 17/2026 کے سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا۔ کارروائی پہلے سے گرفتار ملزم محمد آصف شیخ کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے ٹیم نے ایکسکلوسیو فریگرینس، شاپ نمبر 1 سے 5، میٹرو پیلس، لائٹ ہاؤس کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے محمد سہیل شیخ ولد محمد اختر شیخ کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد کیا گیا، جس میں غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت اور غیر قانونی ہنڈی حوالہ سے متعلق بڑی تعداد میں اہم ڈیجیٹل شواہد اور قابل اعتراض مواد موجود تھا۔
گرفتار ملزم کو برآمد شدہ موبائل فون سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق موبائل فون سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کا مزید تکنیکی اور فرانزک تجزیہ کیا جارہا ہے۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت اور ہنڈی حوالہ سرگرمیوں میں ملوث دیگر ممکنہ عناصر اور سہولت کاروں کا بھی سراغ لگانا شروع کردیا ہے۔