سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، جدہ، ینبع، طائف اور تبوک میں ہنگامی خطرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہری دفاع نے نیشنل ارلی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے ان علاقوں میں ممکنہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا تھا۔
سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو سرکاری ہدایات پر عمل کرنے، ہجوم سے دور رہنے اور صورتحال کی ویڈیو یا تصاویر بنانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
سعودی حکام نے الرٹ جاری کرنے کی فوری طور پر کوئی مخصوص وجہ نہیں بتائی تاہم یہ پیش رفت یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
تاہم کچھ دیر بعد ہی سعودی شہری دفاع نے مکہ اور جدہ سمیت تمام شہروں کے لیے جاری ہنگامی خطرے کا الرٹ ٹل جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان شہروں میں اب کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم شہری احتیاط برتیں۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں یمن میں سرگرم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی فضائی دفاع نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کردیا تھا۔