بھارت؛ کمسن بچیوں سے زیادتی کی ویڈیو وائرل؛ 84 سالہ ارب پتی بزنس مین گرفتار

بھارتی بزنس مین کے خلاف کم سن بچیوں سے زیادتی کی شکایت اور شواہد ایک این جی او نے پیش کیے تھے


ویب ڈیسک September 24, 2026
یہ مقدمہ میں اس وقت سامنے آیا تھا جب ایک این جی او نے چنئی پولیس کو پین ڈرائیو فراہم کی تھی

بھارت کے شہر چنئی میں کمسن بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمے میں گرفتار 84 سالہ گرینائٹ کاروباری شخصیت آر ویرامانی کے خلاف اہم ویڈیو منظرِ عام پر آگئی۔

بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے کو موصول ویڈیو میں بزنس مین ویرامانی ایک کمسن لڑکی کے ساتھ نظر آتے ہیں جبکہ ویڈیو کے ایک اور حصے میں انہیں نازیبا حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کو پولیس نے گرفتار کاروباری شخصیت کے کیس میں شواہد کے طور پر جمع کرایا ہے تاہم ویڈیو کی صداقت اور اس میں موجود مناظر کی مکمل حیثیت کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ فوٹیج تامل ناڈو کانگریس کے رہنما ایم پی رنجن کمار نے پولیس کو فراہم کی تھی جنھوں نے سینئر پولیس افسران سے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ یہ مقدمہ اکتوبر 2025 میں اس وقت سامنے آیا تھا جب ایک این جی او کے ذریعے چنئی پولیس کو ایک پین ڈرائیو فراہم کی گئی تھی۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ بند کرنے کی رپورٹ پیش کی تاہم خصوصی عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے مزید تفتیش کا حکم دیا تھا۔

عدالت کے حکم پر دوبارہ شرع کی گئی تحقیقات کے دوران پولیس نے 7 سے زائد ایسی خواتین کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا جو زیادتی واقعات کے وقت نابالغ تھیں۔

ویرامانی کے علاوہ ان کے مبینہ معاونین شانتی اور مہندر سیمن بھی گرفتار ہیں جبکہ پولیس کی نئی تفتیشی ٹیم سابقہ تحقیقات میں ممکنہ غفلت کی بھی جانچ کر رہی ہے۔