کراچی؛ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی


منور خان September 26, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں بوٹ بیسن پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق شیریں جناح کالونی میں پولیس اہلکار پر فائرنگ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران کی گئی اور شہید پولیس اہلکار کی شناخت وہاب خٹک کے نام سے ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار کو کندھے پر گولی لگی تھی جو ترچھی  ہوکر دل کی جانب چلی گئی، اسپتال پہنچنے تک اہلکار زندہ تھا اور بات چیت کررہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خون کی 6 بولتیں چڑھائی گئیں لیکن اہلکار جانبر نہ ہوسکا، انفارمر کے ہمراہ جانے والے اہلکار نے منشیات خرید کر فوری ملزم کو پکڑنا چاہا تھا، ملزم نے ہاتھ چھڑا کر بھاگنے کی کوشش کی اور اس دوران اہلکار نے تعاقب کیا تو اس پر فائرنگ ہوئی۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ گلی کے اندر سے فائر ہوا جو اہلکار کو لگا تھا، جس کے باعث ضیا الدین اسپتال میں دوراج علاج اہلکار شہید ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکار کی چند روز بعد شادی طے تھی۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا اور سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا نوٹس

ترجمان آئی جی سندھ سید سعد علی کے مطابق آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی جنوبی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آئی جی سندھ نے شہید پولیس اہلکار وہاب خٹک کی بہادری اور فرض شناسی کو خراج عقیدت، اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو شہید پولیس اہلکار کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

انہوں ہدایت کی کہ ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے اور پولیس پر فائرنگ کرنے والے عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

جاوید عالم اوڈھو نے متعلقہ افسران سے ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش میں پیش رفت کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔