جنوبی افریقا: ہزاروں افراد کی بیک وقت بار بی کیو کرنے کے ریکارڈ کی کوشش

ریکارڈ کی کوشش کے لیے دارالحکومت پریٹوریا کے ایک اسپورٹس اسٹیڈیم میں تقریباً 500 گرِل اسٹیشنز قائم کیے گئے


ویب ڈیسک September 28, 2026

جنوبی افریقا میں ہزاروں افراد نے قومی تعطیل کے موقع پر بیک وقت باربی کیو کرکے دنیا کے سب سے بڑے اجتماعی باربی کیو کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی۔

دارالحکومت پریٹوریا کے ایک اسپورٹس اسٹیڈیم میں تقریباً 500 گرِل اسٹیشنز قائم کیے گئے، جہاں شرکاء نے ساسیجز اور برگرز سمیت مختلف کھانے گرِل کیے۔ منتظمین کے مطابق اس کوشش میں تقریباًتین ہزار افراد کی شرکت متوقع تھی۔

اس ریکارڈ کو توڑنے کے لیے جنوبی افریقی شرکاء کو جاپان کے شہر ایشگاکی میں 2023 میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنا تھا، جہاں بیک وقت 2220 افراد نے گرِل پر کھانا پکایا تھا۔

جنوبی افریقا میں گزشتہ سال بھی یہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔ اس بار منتظمین نے سخت قوانین کے تحت دوبارہ کوشش کی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے نگرانی کرنے والی عہدیدار پالینا ساپنسکا کے مطابق ریکارڈ میں شمار ہونے کے لیے تمام شرکاء کو کم از کم پانچ منٹ تک بیک وقت باربی کیو کرنا ضروری تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی شریک مقررہ وقت سے پہلے جگہ چھوڑ دیتا ہے تو اسے ریکارڈ کی کوشش سے خارج کر دیا جاتا ہے۔

اب اس منفرد کوشش کے حتمی نتائج اور یہ فیصلہ سامنے آنا باقی ہے کہ جنوبی افریقا جاپان کا عالمی ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوا یا نہیں۔