پی آئی اے کے فضائی میزبانوں پر سگریٹ لے جانے پر نئی پابندی عائد، سخت کارروائی کی تنبیہ

انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کو جہاز پر روانگی سے قبل بریفنگ میں بھی آگاہی کی ہدایت کر دی، سرکلر جاری


آفتاب خان September 27, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے فضائی میزبانوں پر فلائنگ ڈیوٹی کے دوران سگریٹ لے جانے پر نئی پابندی عائد کرتے ہوئے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی تنبیہ کردی ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق فضائی میزبانوں کو دوران فلائنگ ڈیوٹی صرف ایک سگریٹ پیکٹ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ایک فضائی میزبان صرف 20 سگریٹ دوران ٹریول لے جا سکتا ہے، ایک پیکٹ یا 20 سگریٹ سے زیادہ لے جانے پر فضائی میزبانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔

پی آئی اے اعلامیے کے مطابق خلاف ورزی پر فضائی میزبانوں کو معطل کیا جا سکتا ہے اور فلائنگ سے ہٹایا بھی جا سکتا ہے۔

انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کو جہاز پر روانگی سے قبل بریفنگ میں بھی آگاہی کی ہدایت کر دی اور کہا ہے کہ نئی ہدایت پر مکمل درآمد یقنی بنائی جائے۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل ملتان سے جدہ جانے والی پرواز کے 5 فضائی میزبانوں سے بڑی تعداد میں سگریٹ کے پیکٹس ملے تھے، اس معاملے پر پانچوں فضائی میزبانوں کے خلاف پی آئی اے ایچ آر شعبہ میں تحقیقات جاری ہیں۔