وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے ہر ڈویژن میں اسٹروک سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں اس وقت 40 پرائمری اسٹروک سینٹر مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ مزید 17 مراکز دسمبر تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ اسٹروک پروگرام کے تحت اب تک 336 فالج کے مریضوں کو بروقت علاج فراہم کر کے مستقل معذوری سے بچایا گیا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 40 پرائمری اسٹروک سینٹرز میں تربیت یافتہ ڈاکٹر اور طبی عملہ تعینات ہے جبکہ فالج کے مریضوں کے علاج کیلئے 710 ٹی این کے انجکشن بھی دستیاب ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جامع اسٹروک سینٹر فعال ہیں، جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور سرگودھا کے بڑے تدریسی اسپتالوں میں رواں سال نیورو انجیوگرافی سوئٹس قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ لاہور سمیت صوبے کے متعدد تدریسی، چلڈرن اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں بھی پرائمری اسٹروک سینٹر قائم کیے گئے ہیں یا فالج کے فوری علاج کیلئے ضروری انجکشن دستیاب کیے گئے ہیں۔