ایران نے برطانیہ کے فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔
برطانیہ میں ایرانی سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایران برطانوی فوجی اڈے آر اے ایف فیئر فولڈ میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق ان قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد اور سختی سے مذمت کرتا ہے جن میں ایران کو ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بیان میں مزین کہا گیا ہے کہ بعض برطانوی شخصیات اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے ایران کو واقعے سے جوڑنے کے لیے حالیہ دنوں میں بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں۔
ایرانی سفارت خانے نے خبردار کیا کہ گمراہ کن اور نقصان دہ میڈیا بیانیے کے خلاف ملک اور اس کے عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے قانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے ملکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کی مبینہ سازش کے سلسلے میں پانچ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جس کا الزام ایران پر عائد کیا جا رہا ہے۔
برطانوی پولیس نے بتایا ہے کہ فوجی اڈّے پر حملے کی سازش کے الزام میں گرفتار ہونے والے پانچوں افراد برطانوی شہری ہیں اور ان کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
برطانوی حکام نے بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم حکام کی جانب سے تاحال ایران کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔ البتہ امریکی میڈیا نے ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
واضح رہے کہ آر اے ایف فیئر فولڈ برطانیہ کا ایک اہم فوجی فضائی اڈّہ ہے اور اس کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاری ہے کہ اس ایئربیس کو امریکی فوج بھی استعمال کرتی ہے۔