چھوٹے دکانداروں کیلیے ٹیکس اسکیم ایف بی آر کی اہم وضاحت

رجسٹریشن میں مسائل کی صورت میں ایف بی آر سے رابطہ کیا جائے، ترجمان ایف بی آر


ویب ڈیسک September 29, 2026
فائل فوٹو

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کیلیے خصوصی ٹیکس اسکیم کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کردی۔

ایف بی آر کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس اسکیم ابتدائی مرحلے میں ہے جبکہ تاجروں کو رجسٹریشن کے عمل میں درپیش عملی اور تکنیکی مشکلات کے ازالے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہمی کی خدمات جاری ہیں۔

ایف بی آر نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ایف بی آر، تاجر برادری، مارکیٹ نمائندگان اور مختلف تجارتی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اسکیم پر عملدرآمد کو آسان، شفاف اور تاجروں کے لیے با سہولت بنایا جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  تاجر برادری کی جانب سے موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے  جبکہ رجسٹریشن کے عمل میں درپیش حقیقی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق اگر تاجروں کو خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے دوران کسی قسم کی تکنیکی دشواری یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ براہ راست ایف بی آر سے رابطہ کریں، انہیں ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔

ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہ خصوصی ٹیکس اسکیم چھوٹے دکانداروں کو آسان اور سہولت پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے ٹیکس نظام کا حصہ بننے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ اسکیم کا مقصد رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ چھوٹے تاجروں کے لیے کاروباری امور میں آسانی اور ٹیکس معاملات میں زیادہ یقین دہانی پیدا کرنا ہے۔

ایف بی آر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تاجر برادری اور تجارتی تنظیموں کے مسلسل تعاون سے خصوصی ٹیکس اسکیم اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرے گی اور کاروباری برادری کے لیے ایک کامیاب اقدام ثابت ہوگی.