بیجنگ: سفارتخانہ پاکستان میں یومِ دفاع و شہداء کی تقریب، پاک فوج کو خراجِ تحسین

تقریب میں چینی پیپلز لبریشن آرمی کے اعلیٰ عہدیدار لیفٹیننٹ جنرل لوو ہوئی چی کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت


ویب ڈیسک September 29, 2026

بیجنگ:

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور ملکی دفاع میں قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں چینی پیپلز لبریشن آرمی کے اعلیٰ عہدیدار لیفٹیننٹ جنرل لوو ہوئی چی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چینی سول و عسکری حکام، مختلف ممالک کے سفارتکار، دفاعی اتاشی، میڈیا نمائندگان، پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور سفارتخانے کے افسران بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں سے ہوا، جنہیں پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلبہ نے پیش کیا۔ پروگرام میں 1965 کی جنگ کے دوران پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں، جبکہ قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں، عالمی امن مشنز اور علاقائی و بین الاقوامی استحکام میں کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی و آرمی اتاشی بریگیڈیئر علی اصغر خان  نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک کے دفاع میں ان کے عزم کو سراہا۔

اس موقع پر ناظم الامور اعزاز خان نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی، ناظم الامور اور دفاعی اتاشی کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا جبکہ کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔