صوابی میں لڑکے کو ٹک ٹاک بنانے سے نہ روکنے پر ماں اور بیٹی قتل، فائرنگ ماموں نے کی

پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی تلاش اور تفتیش شروع کردی


ویب ڈیسک September 30, 2026

خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں بھانجے کو ٹک ٹاک بنانے سے نہ روکنے پر ماموں نے فائرنگ کر کے بہن اور بھانجی کو قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع  صوابی کے دور افتادہ پہاڑی علاقے گدون امازئی میں ٹک ٹاک بنانے پر گھر کے اندر فائرنگ سے خاتون اور 19 سالہ بیٹی جاں بحق ہو گئی، دیگر اہل خانہ بال بال بچ گئے۔

پولیس تھانہ اتلہ گدون امازئی کی رپورٹ کے مطابق زوجہ یارعلی خان سکنہ لیرن نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کا شوہر یارعلی خان اور دیور سیار خان محنت مزدوری کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہیں جبکہ وہ اپنی دیورانی زوجہ سیار خان کے ہمراہ مشترکہ مکان میں رہائش پذیر ہیں۔

خاتون نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر وہ دیورانی اور دیگر اہل خانہ معمول کے مطابق گھر میں موجود تھے، اس دوران دیورانی کا بھائی تاج بہادر اسلحے کے ساتھ گھر میں داخل ہوا اور اپنی بہن زوجہ سیار خان اور 19 سالہ بھانجی دختر سیار خان پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ماں بیٹی دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔

مدعیہ کے مطابق ملزم اپنے بھانجے سلمان ولد سیار خان کے ٹک ٹاک بنانے پر ناراض تھا، جس نے اپنی بہن کو کہا تھا کہ وہ بھانجے کو سمجھائے۔

پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا جس کی تلاش جاری ہے جبکہ مقدمہ درج کر کے تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔کر دی ہے۔