انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے

یکم اکتوبر سے لیٹ فائلرز کی کیٹگری مکمل طور پر ختم کردی جائے گی، ذرائع


ویب ڈیسک September 30, 2026
فوٹو: فائل

انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی مہلت آج ختم ہو رہی ہے جس کے بعد تاخیر کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے لیٹ فائلرز کی کیٹگری مکمل طور پر ختم کردی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے پر جرمانہ ایک ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے تک کردیا گیا ہے، اے او پیز کے لیے جرمانہ 10 ہزار کے بجائے 50 ہزار روپے جبکہ کمپنیوں کے لیے 20 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور گوشواروں کے ساتھ متعلقہ دستاویزات جمع کرانا لازمی ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اثاثوں کی معلومات چھپانے یا غلط تفصیلات فراہم کرنے پر کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ واجب الادا ٹیکس کی وصولی کے لیے بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں۔