عدالت میں اسکین رپورٹ پیش کرنے پر ڈی جی ایف آئی اے ذاتی حیثیت میں طلب

اسکین رپورٹ پیش کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی و عدم اطمینان


ویب ڈیسک September 30, 2026

لاہور:

توہینِ عدالت کیس میں اسکین رپورٹ پیش کرنے پر عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ایف آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اسکین رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ ڈی جی ایف آئی اے کون ہیں؟ ڈپٹی ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور ہیں۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ انہیں کہیں کہ وہ کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ اب ایف آئی اے کی جانب سے اسکین کاپیاں عدالت میں پیش کی جائیں گی۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔