لاہور:
اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق ای فائلنگ رولز 2026 جاری کردیے گئے ہیں۔
جاری کیے گئے رولز کے تحت خصوصی عدالتوں میں مقدمات کی آن لائن دائرگی کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، جس کے بعد اوورسیز پاکستانی اب آن لائن درخواستیں اور متعلقہ دستاویزات جمع کراسکیں گے۔
نئے قواعد کے تحت خصوصی عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی بھی اجازت ہوگی، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کو الیکٹرانک نوٹس اور دیگر عدالتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ عدالتی فیصلے اور ڈگریاں بھی آن لائن پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔
ای فائلنگ نظام کے تحت الیکٹرانک شواہد اور عدالتی ریکارڈ محفوظ رکھنے کا طریقہ کار بھی اپنایا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد سے متعلق مقدمات میں آن لائن عدالتی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ای فائلنگ ممکن نہ ہونے کی صورت میں مخصوص حالات میں کاغذی فائلنگ کی اجازت ہوگی۔ آن لائن نظام میں خرابی پیدا ہونے کی صورت میں بھی متبادل فائلنگ کا طریقہ مقرر کیا گیا ہے۔