جامعہ کراچی:قائم مقام وائس چانسلر کی عدم موجودگی میں عارضی شیخ الجامعہ کی تقرری

جامعہ کراچی کو پارٹ ٹائم دینے والے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل غیر ملکی دوروں پر روانہ ہوں گے


اسٹاف رپورٹر October 01, 2026

سندھ کی سب سے بڑی سرکاری یونیورسٹی جامعہ کراچی کے لیے قائم مقام کے بعد اب ایک بار پھر عارضی وائس چانسلر کے تقرر کردیا گیا ہے۔

46 ہزار طلبہ پر مشتمل یونیورسٹی کے لیے مستقل وائس چانسلر کے تقرر کے بجائے روزہ مرہ امور نمٹانے کے لیے ایک بار پھر رئیس کلیہ علم الادویات پروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب کی تقرری کی گئی ہے۔

اس عارضی تقرری کی وجہ جامعہ کراچی کو پارٹ ٹائم دینے والے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل 20 روز کے لیے غیر ملکی دوروں پر روانگی ہے۔

کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار آفس کے ذرائع بتاتے ہیں کہ ان کی این او سی جاری کردی گئی ہے اور این ای ڈی یونیورسٹی میں وائس چانسلر کا عارضی چارج پرووائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد کو دیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد کو جولائی کے آخری ہفتے میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کا چارج بھی دیا گیا تھا اور ان دو ماہ کے دوران وہ دوسری بار تعلیمی دورے پر بیرون ملک جارہے ہیں جس کے سبب قائم مقام وائس چانسلر کی سربراہی میں چلنے والی سب سے بڑی یونیورسٹی اب روز مرہ امور کے طور پر چلائی جائے گی کیونکہ حکومت سندھ اب تک یہاں مستقل وائس چانسلر کی تقرری نہیں کرپائی ہے۔

 ذرائع بتاتے ہیں کہ وزیر اعلی ہاؤس کو تین ناموں پر مشتمل جامعہ کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کی سمری موصول ہوچکی ہے تاہم اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوپارہی ہے۔

ادھر ڈاکٹر طفیل احمد ایسے وقت میں امریکا ، کینیڈا اور سری لنکا روانہ ہورہے ہیں جب جامعہ کراچی میں تعلیمی سیشن 2027 کے لیے داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

 11 اکتوبر کو ہزاروں امیدوار مختلف شعبوں کے لیے منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں شریک ہونگے اور ایسے وقت میں یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر بھی موجود نہیں ہونگے بلکہ روزہ مرہ امور چلانے کے لیے یونیورسٹی سینئر ڈین کے سپرد ہوگی جبکہ 11 اکتوبر سے ہی اوپن میرٹ کے داخلوں کا سلسلہ بھی شروع ہونا ہے۔

واضح رہے کہ انٹری ٹیسٹ کسی بھی یونیورسٹی کا ایک ایسا ایونٹ ہوتا ہے جس میں وائس چانسلر وہاں موجود رہنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں ۔