ایشین گیمز: پاکستان اسکواش ٹیم فائنل میں پہنچ گئی

پاکستان جمعہ کو طلائی تمغے کے لیے بھارت یا ملائیشیا کا سامنا کرے گا


اسپورٹس ڈیسک October 01, 2026

پاکستان نے ایشین گیمز ناگویا کے مینز ٹیم اسکواش ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

تفصیلات کے مطابق سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم نے ہانگ کانگ کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دی۔

سیمی فائنل کے پہلے میچ میں نور زمان نے ہانگ کانگ کے لاؤ زز کوان کے خلاف پہلا گیم 10-12 سے جیتا، تاہم حریف کھلاڑی نے اگلے تینوں گیمز 3-11، 6-11 اور 5-11 سے اپنے نام کرکے پاکستان کو ابتدائی نقصان پہنچایا۔

محمد اشعب عرفان نے دوسرے میچ میں لیونگ چی ہن ہنری کو 23 منٹ میں 5-11، 11-13 اور 7-11 سے مسلسل تین گیمز میں شکست دے کر مقابلہ برابر کردیا۔

فیصلہ کن میچ میں ناصر اقبال نے لائی چوک نام کے خلاف پہلے گیم میں 10-12 سے شکست کے بعد شاندار واپسی کی اور اگلے تین گیمز 3-11، 9-11 اور 12-14 سے جیت کر پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔

پاکستان جمعہ کو طلائی تمغے کے لیے بھارت یا ملائیشیا کا سامنا کرے گا۔