پشاور:
موسم کی تبدیلی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کیسز میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ضلع کوہاٹ کو ڈینگی کیسز کے لحاظ سے ہائی رسک قرار دے دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ضلع کوہاٹ میں رواں سال ڈینگی کیسز کی تعداد ایک ہزار 231 ہوگئی ہے، جبکہ صرف ماہ ستمبر میں 793 کیسز رپورٹ ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں رواں سال اب تک ڈینگی کے 2 ہزار 39 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ صوبے میں ڈینگی کے ایکٹو کیسز کی تعداد 83 ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر میں صوبے میں ڈینگی کے سب سے زیادہ ایک ہزار 190 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پشاور میں 301، خیبر میں 101، بنوں میں 103 اور ہری پور میں 57 کیسز رپورٹ ہونے کے باعث یہ اضلاع بھی ہائی رسک قرار دیے گئے ہیں۔
صوبے میں رواں سال ڈینگی کے باعث تاحال کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔