آئی سی سی نے کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کردیں

خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں استعمال ہونے والی گیندوں کے سائز اور وزن کے لیے بھی سخت معیار مقرر کیے گئے ہیں


اسپورٹس ڈیسک October 01, 2026

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی بین الاقوامی سیریز کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔

نئے قوانین کا مقصد وقت ضائع کرنے کی روک تھام، گیند کے معیار کو یکساں بنانا اور فیلڈنگ سے متعلق قوانین کو مزید واضح کرنا ہے۔

نئی تبدیلیوں کے تحت مردوں کی کرکٹ میں اگر بیٹر مقررہ وقت کے اندر اگلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہ ہو تو پہلی مرتبہ وارننگ، دوسری بار آخری وارننگ دی جائے گی جبکہ تیسری اور اس کے بعد ہر خلاف ورزی پر فیلڈنگ ٹیم کو پانچ اضافی رنز ملیں گے۔

اس کے علاوہ مسلسل خلاف ورزیوں پر ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔

خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں استعمال ہونے والی گیندوں کے سائز اور وزن کے لیے بھی سخت معیار مقرر کیے گئے ہیں جس کے تحت مردوں، خواتین اور جونیئر کرکٹ کے لیے الگ الگ خصوصیات ہوں گی۔

آئی سی سی نے ڈے ٹائم ٹیسٹ میچز میں گلابی گیند کے استعمال کا تجرباتی آغاز بھی کیا ہے۔

مزید برآں، نئے قوانین میں ٹیسٹ میچ کے آخری اوور میں وکٹ گرنے کے بعد دن کا کھیل ختم کرنے سے متعلق طریقہ کار میں بھی تبدیلی شامل ہے۔

اب دن کے آخری اوور میں وکٹ گرنے کی صورت میں کھیل کا اختتام نہیں ہوگا بلکہ اوور مکمل کیا جائے گا۔