وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں، اب تک 75 لاکھ شہری اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے پٹرولیم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں، 15 ستمبر سے اب تک کے مختصر دورانیے میں 75 لاکھ سے زائد شہریوں کا ریلیف اسکیم سے مستفید ہونا باعث اطمینان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد میں پوری حکومتی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم پوری حکومتی مشینری کے مؤثر، مربوط تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی بہترین مثال ہے۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم، وزیر آئی ٹی، وزیر اطلاعات، وزیر اقتصادی امور، وزیر خزانہ، اوگرا اور اسکیم سے منسلک تمام وفاقی اور صوبائی حکام کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے تیار ہونے والا مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ اور 75 لاکھ سے زائد شہری اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی کے آغاز سے آج تک جاری کردہ 1 کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال ہوچکے ہیں جبکہ 15 ستمبر سے آغاز کے بعد یہ اسکیم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہورہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پہلی اور دوسری مرتبہ فیول سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اب اگلے ہفتے کی سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔ ملک بھر کے 129 اضلاع میں پیٹرول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو فیول سبسڈی اسکیم کے تحت سہولت فراہم کررہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں اور پیٹرول پمپس مالکان کی رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال کال سینٹر قائم ہے جبکہ وزیراعظم آفس کا پبلک افیئرز یونٹ اور عوامی نمائندے شہریوں کی رجسٹریشن میں معاونت کررہے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔