مصر میں اخوان المسلمون سے تعلقات کے الزام میں 6 صحافی گرفتار

وزارتِ داخلہ نے الزام لگایا ہے کہ یہ صحافی کالعدم اخوان المسلمون کے میڈیا نیٹ ورک کے لیے کام کر رہے تھے


ویب ڈیسک October 02, 2026

مصر میں سکیورٹی حکام نے مصدقش نامی فیکٹ چیکنگ اور تحقیقاتی پلیٹ فارم کی پوری ادارتی ٹیم کے 6 صحافیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

مصری وزارتِ داخلہ نے الزام لگایا ہے کہ یہ صحافی کالعدم اخوان المسلمون کے میڈیا نیٹ ورک کے لیے کام کر رہے تھے اور بیرونِ ملک سے مالی معاونت حاصل کرکے مبینہ طور پر جعلی خبریں تیار کرتے تھے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق پلیٹ فارم بیرونِ ملک سے چلایا جا رہا تھا اور اس کا تعلق اخوان المسلمون کی میڈیا کمیٹی سے تھا۔

حکام نے الزام لگایا کہ مصر میں موجود افراد خبری مواد تیار کرکے بیرونِ ملک موجود منتظمین کو بھیجتے تھے۔ جبکہ ایک صحافی جرنلسٹس سنڈیکیٹ کا رکن ہے۔

مصدقش نے اخوان المسلمون سے کسی بھی تعلق کی تردید کی ہے۔ پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ وہ 2018 سے غلط معلومات کی تصدیق اور تردید کا کام کر رہا ہے اور اس نے اخوان سے وابستہ ذرائع کی جانب سے پھیلائی جانے والی معلومات کو بھی کئی مرتبہ غلط ثابت کیا ہے۔