سعودی، قطر کی توانائی تنصیبات کو خطرہ، امریکا نے پیٹریاٹ دفاعی نظام کی بیٹریاں روانہ کردیں

ایک اضافی پیٹریاٹ بیٹری سعودی عرب کی ایک اہم تیل تنصیب کے دفاع کے لیے بھیجی گئی


ویب ڈیسک October 02, 2026

امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں مزید دو پیٹریاٹ میزائل دفاعی بیٹریاں روانہ کی ہیں۔

یہ اقدام خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کے خدشات کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔

ایک اضافی پیٹریاٹ بیٹری سعودی عرب کی ایک اہم تیل تنصیب کے دفاع کے لیے بھیجی گئی۔ دوسری بیٹری قطر کی ایک اہم گیس تنصیب کے تحفظ کے لیے تعینات کی گئی۔

امریکی حکام کے مطابق مقصد خلیجی اتحادیوں کو یہ یقین دہانی کرانا بھی ہے کہ ان کی اہم توانائی تنصیبات کو ممکنہ حملوں سے بچانے کے لیے امریکا دفاعی مدد فراہم کرے گا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور قطر کو خدشہ ہے کہ اگر امریکا ایران کے خلاف دوبارہ بڑے فوجی آپریشن شروع کرتا ہے تو ایرانی جوابی کارروائی میں خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات بھی نشانہ بن سکتی ہیں۔ اسی خدشے کے باعث واشنگٹن نے دفاعی نظام مضبوط کیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سعودی عرب نے حوثیوں پر مدینہ کے ایک بجلی کے ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملے کا الزام بھی عائد کیا ہے اگرچہ حوثیوں نے اس الزام کی تردید کی ہے۔