اسلام آباد پولیس نے خاتون کے قتل میں ملوث بیٹے اور اُس کے دو دوستوں کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس پی سواں زون حسنین شاہ نے بتایا کہ مقتولہ ساجدہ بی بی کے قتل میں سگے بیٹے سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ گرفتاریاں تھانہ کورال کی بڑی کامیابی ہے جنہوں نے اندھے قتل کو مختصر وقت میں حل کردیا۔
حسنین وارث کے مطابق گرفتار ملزمان میں بیٹے کے علاوہ سہیل مسیح، چشمان مسیح (مقتولہ کا بیٹا )اور روبن مسیح شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ کورال کی حدود سے خاتون کی نعش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت ساجدہ بی بی کے نام سے ہوئی تھی۔
لاش ملنے کا واقعہ تھانہ کورال میں درج کرکے جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر تفتیش شروع کی گئی، اس کے بعد سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی بی، ٹیکنیکل ونگ، تھانہ کورال اور ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن یونٹ پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
ایس پی سواں زون کے مطابق پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز، جیو فینسنگ، کال ڈیٹا اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا کیا اور ملزمان کو گرفتار کر کے اُن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول جبکہ مقتولہ اور اس کی بیٹی کے موبائل فونز برآمد کر لیے۔
ایس پی نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے اندھے قتل کی واردات کو قلیل وقت میں ٹریس کیا گیا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، اہم انکشافات متوقع ہیں۔