کراچی میں اندھی گولیاں لگنے سے 32 روز میں 28 شہری زخمی

ستمبر کے مہینے میں نو عمر بچوں اور خواتین سمیت 24 افراد زخمی ہوئے، اکتوبر کے دو ماہ میں 4 شہری زخمی ہوگئے


منور خان October 02, 2026

شہر میں اسلحے کی بھر مار اور غیر قانونی بے دریغ استعمال نے شہریوں کی زندگی کو بدستور داؤ پر لگایا ہوا ہے ، شہر میں روز کی بنیاد پر نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیاں لگنے سے شہریوں کے زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس افسران کی عدم دلچسپی کے باعث شہر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے شہری نہ تو گھروں میں محفوظ دکھائی دیتے ہیں اور نہ ہی سر راہ، شہری انجانے خوف میں مبتلا ہیں کہ کچھ پتہ نہیں کہ کب اور کہاں سے آنے والی نامعلوم سمت کی گولی ان کی موت کا پروانہ بن جائے۔

گزشتہ ماہ ستمبر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے کمسن و نوعمر بچوں اور خواتین سمیت 24 افراد زخمی ہوگئے جبکہ اکتوبر کے 2 روز میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے شیر خوار بچی ، کمسن لڑکے اور نوعمر لڑکی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

شہر میں نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیوں سے زخمی ہونے والوں کے حوالے سے کراچی پولیس اور چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری میسجز کے مطابق یکم ستمبر کو ملیر ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 3 سالہ طبیب شدید زخمی ہوگیا۔

لیاری جہاں آباد شیر شاہ ولیج قریب نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 40 سالہ شاکر جبکہ کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی کے 22 سالہ زوہیب نامعلوم سمت کی گولی کا شکار ہو کر زخمی ہوگیا، 5 ستمبر کو لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب 16 سالہ عثمان نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ سائٹ ایریا حبیب چورنگی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 22 سالہ اویس زخمی ہوگیا۔

6 ستمبر کو کورنگی 4 نمبر 100 کوارٹر کے قریب 48 سالہ کامران جبکہ لی مارکیٹ سالار کمپاؤنڈ کے قریب 26 سالہ اعجاز نامعلوم سمت کی گولی کا شکار ہو کر زخمی ہوگیا، 7 ستمبر کو لیاری مرزا آدم خان روڈ فردوس پارک کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 42 سالہ بابر زخمی ہوگیا ، 11 ستمبر کو لانڈھی مانسہرہ کالونی کے قریب 22 سالہ فہد علی جبکہ کورنگی جمعہ گوٹھ ٹی بی اسپتال کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 8 سالہ حسنین زخمی ہوگیا۔

13 ستمبر کو بفرزون کے علاقے سیکٹر 16 اے میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 32 سالہ فیاض زخمی ہوگیا جبکہ کورنگی ایک نمبر میں مٹھائی کی دکان کے قریب 10 سالہ قمر نامعلوم سمت کی گولی لگنے زخمی ہوگیا۔ اس کے علاوہ 17 ستمبر کو بلدیہ 7 نمبر کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 36 سالہ سفیر محمد ، 18 ستمبر کو قصبہ کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر میں 55 سالہ شاکر زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق 19 ستمبر کو کورنگی 4 نمبر غوث پاک روڈ گلی نمبر 4 کے قریب گھر کی چھت پر نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 4 سالہ سکینہ زخمی ہوگئی ، 20 ستمبر کو منگھوپیر ونگی گوٹھ صائمہ سوسائٹی کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے 10 سالہ عبدالرزاق جبکہ لانڈھی گلشن بونیر واٹر ہائیڈرنٹ کے قریب نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 3 سالہ ملہا خان زخمی ہوگیا۔

23 ستمبر کو محمود آباد اعظم بستی گلی نمبر 29 کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 24 سالہ ثنا زخمی ہوگئی ، 24 ستمبر کو لاسی گوٹھ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 14 سالہ دلبر زخمی ہوگیا ، 26 ستمبر کو فیڈرل بی ایریا بلاک 14 موٹر سائیکل مارکیٹ کے قریب نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 25 سالہ سلمان ، 27 ستمبر کو لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب 8 سالہ حنزلہ ، 28 ستمبر کو سرجانی سیکٹر سیون اے کٹ کے قریب 32 سالہ سلمان جبکہ طارق روڈ سندھی مسلم سوسائٹی سگنل کے قریب 36 سالہ اختر علی جبکہ 29 ستمبر کو اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی واجد شہید چوک کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 8 سالہ صاحبہ شدید زخمی ہوگئی۔ 

 رواں ماہ یکم اکتوبر کو بلدیہ سیکٹر فور سی میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 6 ماہ کی بشری ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئی۔

2 اکتوبر کو پی آئی بی کے علاقے پرانی سبزی منڈی پیر بخاری کالونی میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 20 سالہ گل رحمٰن شدید زخمی ہوگیا۔

اسٹیل ٹاؤن کے علاقے  گھگھر پھاٹک کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 8 سالہ بلال جبکہ زمان ٹاؤن کورنگی ساڑھے پانچ نمبر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 14 سالہ زارا زخمی ہوگئی ۔