امریکا: کھدائی کے دوران 6.03 قیراط کا ہیرا دریافت

ہیرے کی ممکنہ مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی جا رہی ہے


ویب ڈیسک October 03, 2026

امریکی ریاست آرکنساس میں ایک بحریہ کے ریزروسٹ نے کھدائی کے دوران 6.03 قیراط کا ہیرا دریافت کر لیا، جس کی ممکنہ مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

جیک پیراڈن گزشتہ 12 برس سے زائد عرصے سے شوقیہ طور پر پتھروں اور قیمتی جواہرات کی تلاش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس شوق سے انہیں کبھی مالی فائدہ نہیں ہوا۔ تاہم، رواں سال کے آغاز میں ایک دوست کے ساتھ کھدائی کے دوران ملنے والا یہ پتھر ان کی سابقہ دریافتوں سے بالکل مختلف تھا۔

جیک پیراڈن نے یہ دریافت اس وقت کی جب وہ کریٹر آف ڈائمنڈ اسٹیٹ پارک میں اپنی تلاش کو ٹک ٹاک پر لائیو نشر کر رہے تھے۔

جب انہوں نے بجری سے بھری بالٹی کو دھو کر اس کا مواد میز پر الٹا تو چمکتے ہوئے 6.03 قیراط کے ہیرے کو دیکھ کر بے اختیار چیخ اٹھے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ ہیرا تقریباً ایک ناخن کے برابر ہے اور رواں سال مذکورہ پارک سے دریافت ہونے والا سب سے بڑا ہیرا ہے۔

جواہرات کے بعض ماہرین اور کلیکٹرز کے مطابق اس ہیرے کی قیمت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہو سکتی ہے لیکن ایک تجربہ کار ماہرِ قدر نے اندازہ لگایا کہ اسی حجم اور معیار کا ہیرا تقریباً 2.5 لاکھ ڈالر کا ہو سکتا ہے۔

اس دریافت نے پیراڈن کے برسوں پرانے شوق کو ایک غیر معمولی موڑ دے دیا ہے۔