تبدیلیٔ جنس کا آپریشن کروانے پر بضد بیٹے نے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لیکر ماں کو قتل کردیا

جنس کی تبدیلی کا آپریشن کروانے کا خواہش مند نوجوان خود کو لڑکی سمجھتا تھا جبکہ ماں نفسیاتی علاج پر زور دیتی تھی


ویب ڈیسک October 02, 2026
نوجوان بیٹا خود کو لڑکی سمجھتا تھا اور آپریشن کروانا چاہتا تھا جبکہ ماں نفسیاتی علاج کرانا چاہتی تھی

بھارتی شہر لکھنؤ میں جنس کی تبدیلی کی سرجری کے معاملے پر ماں سے ہونے والا تنازع اس وقت خوفناک رخ اختیار کر گیا جب 17 سالہ نوجوان نے اپنی والدہ کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جنس کی تبدیلی کا آپریشن کروانے کا خواہش مند نوجوان خود کو لڑکی سمجھتا تھا اور آپریشن کے لیے بضد تھا جبکہ اس کی والدہ سرجری کے بجائے طبی اور نفسیاتی مشاورت کا مشورہ دیتی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی معاملے پر ماں اور بیٹے کے درمیان طویل عرصے سے جھگڑے ہونا معمول کی بات تھی۔ اختلاف جاری تھا۔ گزشتہ روز ہونے والی بحث قتل کی ہولناک واردات میں تبدیل ہوگئی۔

لڑکے نے تیز دھار آلے سے ماں کے سر پر وار کرکے انھیں قتل کردیا اور خود ہی پولیس کو فون کرکے ماں کے قتل کے بارے میں بتایا۔ پولیس کو قاتل بیٹے کی ڈائری سے قتل کی منصوبہ بندی کے شواہد مل گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈائری میں قتل کے لیے استعمال ہونے والی چیزوں جیسے تیز دھار آلہ، مرچ پاؤڈر اور گرم پانی کے استعمال کا ذکر بھی موجود تھا۔

تفتیش میں نوجوان کے قتل کے بعد قانونی کارروائی، نابالغ ملزم کو ملنے والی سزا اور پولیس کے ممکنہ اقدامات سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کیا تھا۔