فلائی دبئی کو ہائی جیک کرنے والا معاون پائلٹ القاعدہ سے متاثر تھا؛ اسرائیلی میڈیا

دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز کے پائلٹ پر حملہ کرکے جہاز کو ہائی جیک یا گرانے کی کوشش کرنے والا عمانی نژاد تھا


ویب ڈیسک October 03, 2026

فلائی دبئی طیارے کو مبینہ طور پر تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے عمانی معاون پائلٹ کے بارے میں تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ القاعدہ کے انتہا پسندانہ نظریے سے متاثر تھا۔

اسرائیلی چینل 12 نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ معاون پائلٹ کو مبینہ طور پر القاعدہ کے نظریے سے ذہنی طور پر متاثر کیا گیا اور شدت پسندی کی جانب لے جانے کے دوران اس نے بعض نامعلوم مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔

تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں یہ اندازہ لگایا گیا کہ طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کا فیصلہ معاون پائلٹ نے خود کیا تھا۔ کسی دوسرے شخص یا تنظیم کی جانب سے اسے یہ کارروائی کرنے کی ہدایت دینے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق تفتیشی حکام اس پہلو کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کہیں دیگر غیر ملکی فضائی کمپنیوں میں اسی نوعیت کے واقعات کی منصوبہ بندی تو نہیں کی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی سیکیورٹی ادارے اس معاملے کو انتہائی سنگین نوعیت کا سمجھتے ہوئے ایسے تحقیقات کر رہے ہیں جیسے طیارہ واقعی تباہ ہوگیا ہو۔

طیارے کو ہائی جیک کرنے یا قابو کرکے جہاز کو گرانے کی کوشش کرنے والے عمانی معاون پائلٹ کو تبوک ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا اور اب اسے امارات منتقل کیا گیا ہے جہاں ممکنہ طور پر اسرائیلی حکام بھی تفتیش کریں گے۔  

واضح رہے کہ یہ واقعہ 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں پیش آیا تھا جس میں معاون پائلٹ نے سینیئر پائلٹ پر چاقو سے حملہ کرکے جہاز کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی تھی تاہم مسافروں اور عملے نے اسے ناکام بنادیا تھا۔