چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفراحمد راجپوت نے ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی اور ان سے حلف لیا۔
ڈسٹرکٹ کورٹ تھرپارکر آمد پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفراحمد راجپوت نے ڈسٹرکٹ بار کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا اور نومنتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔ اس موقع پر انہیں روایتی تھری شال کا تحفہ دیا گیا اور راجپوت پگڑی بھی پہنائی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ نے کہا کہ ریاست کی سالمیت کے لیے مضبوط نظامِ عدل ضروری ہے کیونکہ انصاف کے بغیر عدم تحفظ پیدا ہوتا ہے، حقوق کا تحفظ نہیں ہو پاتا اور معاشرے میں اعتماد کا ماحول قائم نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط عدالتی نظام پرامن معاشرے کی ضمانت ہے جبکہ امن و استحکام سماجی توازن کے لیے ضروری ہیں۔ جب افراد اور ادارے انصاف کے اصولوں پر عمل کریں تو معاشرے سے ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف تمام ثقافتی اقدار کی روح ہے اور ان کا یقین ایک ایسے مضبوط نظامِ انصاف پر ہے جس کے ذریعے عوام کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔