ایمرجنسی لگی تو پی ٹی آئی کے لیے میں اکیلا ہی کافی ہوں، گورنر کے پی

میں ان کی طرح بھڑکیں نہیں مارتا، میدان لگا تو ان کو دیکھ لوں گا، فیصل کریم کنڈی


ویب ڈیسک October 04, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبہ بچانے کے لیے ایمرجنسی لگانا ضروری ہوا تو ضرور لگائیں گے اور اگر ایمرجنسی لگی تو میں اکیلا ہی پی ٹی آئی کے لیے کافی ہوں۔

اپنے ایک بیان میں گورنر کے پی نے کہا کہ صدر، وزیرِ اعظم و دیگر ادارے اگر سمجھیں کہ حالات خراب ہیں تو ایمرجنسی لگنے کی گنجائش ہوتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ ابھی یہ چھپ رہے ہیں اور گرفتاریاں دے رہے ہیں، میں ان کی طرح بھڑکیں نہیں مارتا، میدان لگا تو ان کو دیکھ لوں گا۔

گورنر نے کہا کہ کیا لانگ مارچ ہو رہا ہے؟ پشاور میں کچھ ہو رہا ہے؟ کوئی بینر دیکھا؟ لانگ مارچ میں صرف خود ساختہ گرفتاریاں اور روپوشیاں دیکھیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوابی پار کرکے تو دکھائیں، ایک مہینہ لگ جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوگا۔