سیالکوٹ میں تھانہ اگوکی کی حدود میں خاتون کے بہیمانہ قتل کا ملزم گرفتارکرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان پولیس سیالکوٹ نے کہا کہ یکم ستمبر کو شہزاد گرل کے سامنے گاڑی میں 40 سالہ صائمہ کو چھری کے وار کرکے قتل کیا گیا تھا، ملزم ذیشان عرف شانی مقتولہ کا سابقہ کرایہ دار تھا، مدعی کے مطابق ملزم نے مکان خالی کروائے جانے کی رنجش پر خاتون کو قتل کیا۔
ترجمان پولیس سیالکوٹ کے مطابق مقتولہ کے بھائی فیصل عباس کی مدعیت میں تھانہ اگوکی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
ڈی ایس پی صدر رانا ندیم طارق کی نگرانی میں ایس ایچ او بلال سلیم اور پولیس ٹیم نے ملزم کو گرفتار کیا، ملزم کا سراغ ہیومن انٹیلیجنس، سائنسی تفتیش اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے لگایا گیا، گرفتار ملزم سے آلۂ قتل برآمد کر لیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔