مکہ مکرمہ:
آسمان پر آج صبح ایک ایسا منفرد فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا جب چاند خانہ کعبہ کے تقریباً عین اوپر دکھائی دے گا۔ رواں سال یہ دوسرا موقع ہے جب چاند اپنی اس مخصوص پوزیشن پر پہنچے گا۔
سعودی میڈیا کے مطابق جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ نے بتایا کہ چاند مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 50 منٹ اور 31 سیکنڈ پر اپنی انتہائی بلندی پر ہوگا جبکہ پاکستان میں اس وقت صبح 9 بج کر 50 منٹ ہوں گے۔
اس مرحلے پر چاند تقریباً 89.87 ڈگری کے زاویے پر ہوگا جس کے باعث مکہ مکرمہ سے دیکھنے والوں کو یہ خانہ کعبہ کے عین اوپر محسوس ہوگا۔
یہ منظر انسانی آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا تاہم صبح کے وقت سورج کی روشنی موجود ہونے کے باعث چاند رات کی نسبت قدرے مدھم نظر آئے گا۔
فلکیاتی ماہر کے مطابق چاند کی یہ پوزیشن صرف خوبصورت منظر ہی نہیں بلکہ ایک قدرتی رہنما بھی بن سکتی ہے۔
ایسے دور دراز علاقوں میں جہاں چاند اس وقت افق پر دکھائی دے مسلمان اس کی سمت کو خانہ کعبہ اور قبلہ کی سمت کے تعین کے لیے بصری رہنما کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔