پی ٹی آئی انتشار اور تفریق کی سیاست سے عوام کو گمراہ کررہی ہے، بیرسٹر دانیال چوہدری

حکومتی مؤقف اور پالیسی واضح ، معاملات مفاہمت کے ذریعے آگے بڑھانا چاہتے ہیں، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات


ویب ڈیسک October 05, 2026

اسلام آباد:

پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات    بیرسٹر دانیال چوہدری   نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انتشار اور تفریق کی سیاست سے عوام کو گمراہ کررہی ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ مفاہمت اور مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔ حکومت نے پی ٹی آئی سے بات چیت کے تمام دروازے کھلے رکھے ہیں۔ حکومت نے مکمل خلوص کے ساتھ پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے انگیج کیاہے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت آج تک طے نہیں کر سکی کہ مذاکرات کس سے اور کب کیے جائیں؟ پی ٹی آئی میں مذاکرات کے حوالے سے واضح قیادت کا فقدان ہے۔ کبھی پی ٹی آئی کی بہنیں، کبھی خیبر پختونخوا حکومت اور کبھی اپوزیشن مذاکرات کی قیادت کرتی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کے متعدد نمائندے  مذاکرات میں موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی مؤقف اور پالیسی واضح ، معاملات مفاہمت کے ذریعے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ حکومت نے مذاکرات کے لیے اپنی سنجیدگی اور خلوص کا مکمل مظاہرہ کیاہے، جبکہ یہ لوگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر آج تک کوئی مؤثر کام نہیں کیا۔ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے 2ہزار سے زائد واقعات ہوئے۔    فتنۃ الخوارج کے خلاف خیبر پختونخوا حکومت کا کردار کیا رہا؟     پی ٹی آئی اب سیاسی جماعت نہیں بلکہ این سی پی پارٹی بن چکی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ملک کو آگ لگانے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی سیاست کون کر تا ہے ؟    ملک میں انتشار اور افراتفری کی سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ لوگ نفرت اور تفریق کی سیاست کررہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 15سال سے کرپشن کابازارگرم ہے۔