غیر ملکی خاتون سے زیادتی؛ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

عدالت نے پولیس کی جانب سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی


ویب ڈیسک October 05, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

لاہور:

کینٹ کچہری نے غیر ملکی خاتون سے زیادتی کے کیس میں ملزمان محسن اور علی زین کے جسمانی ریمانڈ میں 8 روز کی توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 4 روز کی توسیع کردی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے محسن اور علی زین کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے کافی حد تک تفتیش مکمل کرلی گئی ہے، تاہم ان سے فون برآمد کرنا باقی ہے۔

پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کا پوٹینسی ٹیسٹ بھی کروانا ہے، اس لیے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 8 روز کی توسیع کی جائے۔ عدالت نے پولیس کی 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی۔