جنید اکبر خان کا لانگ مارچ میں عدم دلچسپی پر پارٹی رہنماؤں سے شکوہ

جو قیادت خان صاحب کے بیانیے کیساتھ نہیں چل سکتی وہ مہربانی کرکے ایک طرف ہو جائے، صوبائی صدر پی ٹی آئی


ویب ڈیسک October 05, 2026
فوٹو فائل

پشاور:

صوبائی صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا جنید اکبر خان یوسفزئی نے لانگ مارچ میں عدم دلچسپی پر پارٹی رہنماؤں سے شکوے کا اظہار کردیا۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں جنید اکبر خان نے کہا کہ جو قیادت خان صاحب کے بیانیے کے ساتھ نہیں چل سکتی وہ مہربانی کرکے ایک طرف ہو جائے اور دوسروں کو آگے بڑھنے کا موقع دے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان ان تمام قائدین پر نظر رکھیں اور نشاندہی کریں جو صرف خانہ پُری کر رہے ہیں، ایسے افراد کو ٹکٹ اور عہدے دینے کی مخالفت کریں۔

صوبائی صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی میں مزید یہ نہیں چلے گا کہ کچھ لوگ جیلوں میں ہوں، کچھ کو ہر روز ایف آئی آرز اور نااہلیوں کا سامنا کرنا پڑے جبکہ کچھ لوگ نہ کارکنان کا بوجھ اٹھائیں اور نہ ہی خان صاحب کے نظریے کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی صاحب کی نااہلی کی واحد وجہ عمران خان صاحب سے وفاداری ہوگی، خان کے وفاداروں کے خلاف فیصلے آنے کے بعد سب کو اس سسٹم سے نکلنا ہوگا۔