صحت کارڈ کے تحت خیبرٹیچنگ اسپتال میں پہلی جبکہ مجموعی طور پر دوسری گردے کی پیوندکاری کی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور نے گردہ پیوند کاری کے شعبے میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔ ہسپتال میں مجموعی طور پر دوسری کامیاب گردہ پیوند کاری کی گئی ہے جبکہ صحت کارڈ کے تحت یہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں پہلی گردہ پیوند کاری ہے۔
صحت کارڈ کے تحت مریض کا مکمل علاج اور ایک سال کی ضروری ادویات صحت کارڈ کے تحت مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔
چارسدہ سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ حضرت علی نے اپنے 40 سالہ بھائی محمد الیاس کو اپنا گردہ عطیہ کیا۔ ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر شاہد خان اور ان کی ماہر ٹیم نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں کامیاب گردہ پیوند کاری انجام دی۔
اس مکمل علاج پر نجی شعبے میں تقریباً 20 لاکھ روپے تک اخراجات آسکتے ہیں، تاہم صحت کارڈ کے تحت یہ سہولت مریض کو بلا معاوضہ فراہم کی گئی ہے، جبکہ ٹرانسپلانٹ کے بعد ایک سال کی ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔
یہ امر خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا کڈنی ٹرانسپلانٹ سنٹر تاحال زیرِ تعمیر ہے، تاہم ہسپتال انتظامیہ نے موجودہ وسائل اور سہولیات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے گردہ پیوند کاری کے میدان میں یہ اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
یہ کامیابی ہسپتال کی انتظامیہ، طبی ماہرین اور متعلقہ شعبوں کی مشترکہ کاوشوں اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے اس اہم کامیابی پر خیبر پختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومتِ خیبر پختونخوا اور محکمہ صحت کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی معاونت سے صحت کارڈ کے ذریعے مستحق مریضوں کو مہنگے اور پیچیدہ علاج کی سہولت مفت فراہم کرنا ممکن ہوا۔