پاکستان میں رواں سال کا چھٹا پولیو کیس ضلع خیبر میں رپورٹ

متاثرہ بچہ یونین کونسل غنڈی اے کا رہائشی ہے، رواں سال پولیو کے 6 میں سے 5 کیسز خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے


اسٹاف رپورٹر October 05, 2026

اسلام آباد:

خیبر ڈسٹرکٹ سے پاکستان میں 2026ء کا چھٹا پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے، خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل جمرود سے 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

نیشنل ای او سی کے مطابق متاثرہ بچہ یونین کونسل غنڈی اے کا رہائشی ہے، رواں سال پولیو کے 6 کیسز میں سے 5 خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے، جنوبی خیبر پختونخوا سے رواں سال پولیو کے 4 کیسز سامنے آئے، خیبر پختونخوا اور خیبر پشاور بلاک میں پولیو وائرس کی منتقلی بدستور جاری ہے خیبر ڈسٹرکٹ میں پولیو کیس کی جامع تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق ہائی رسک علاقوں میں بچوں تک ویکسین کی رسائی مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بڑے عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لیے زبانی اور انجیکشن ویکسین دینے کی مہم کی تیاری شروع کردی گئی، ہائی رسک علاقوں میں معمول کی حفاظتی ویکسینیشن مزید بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں 2025ء میں پولیو کے 31 کیسز رپورٹ ہوئے، رواں سال تعداد 6 ہو گئی ہے، رواں سال چار بڑی پولیو مہمات میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو متعدد بار ویکسین پلائی گئی۔