کراچی میں ڈکیتی کی دو وارداتیں، ملزمان 1 کروڑ 40 لاکھ نقدی چھین کر فرار

کورنگی عوامی کالونی میں پیٹرول پمپ ملازمین سے 65 لاکھ جبکہ طارق روڈ پر کمپنی ملازمین سے 78 لاکھ روپے چھن گئے


منور خان October 06, 2026

شہر میں ڈاکو راج کسی بھی صورت تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ، بے لگام ڈاکوؤں نے چند گھنٹے کے دوران دو وارداتوں میں 1 کروڑ 40 لاکھ روپے کی نقدی لوٹ لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ اور کورنگی میں ڈاکو سر عام اور ڈکیتی کی 2 وارداتوں میں 78 لاکھ اور 62 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

شہر میں کھلے عام ایک کروڑ سے زائد نقدی لوٹ نے کی وارداتوں نے پولیس کارکردگی پر بھی سوال اٹھا دیئے ہیں۔

طارق روڈ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران موٹر سائیکل سوار 3 مسلح ڈاکو 78 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے نجی کمپنی کے ملازمین واردات کی تھی جو کہ 78 لاکھ روپے نقدی بینک سے نکلوا بیگ میں رکھ کر لے جا رہے تھے۔

واردات میں ملوث ایک ڈاکو کو بینک میں ریکی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ فیروز آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب کورنگی 5 نمبر میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو پیٹرول پمپ کے ملازمین سے 65 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے جو کہ ایک بیگ میں رکھے ہوئے تھے۔

عوامی کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ کا کیشئر ملازم کے ہمراہ موٹر سائیکل پر 65 لاکھ روپے بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکو اسلحے کے زور پر نقدی سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے اس حوالے سے کیشئر اور ملازم سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے جبکہ واردات کی سی سی سی ٹی فوٹیجز سے ڈاکوؤں کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔