مجاہدہ حسین بی بی شہید کی عظیم قربانی کو 79 برس مکمل، شجاعت کی داستان آج بھی زندہ

مجاہدہ حسین بی بی شہید کی عظیم قربانی اور شجاعت کے اعتراف میں انہیں تمغہ مجاہد حیدری سے نوازا گیا


ویب ڈیسک October 07, 2026

آزادی کشمیر کی جدوجہد میں شجاعت اور قربانی کی لازوال مثال قائم کرنے والی مجاہدہ حسین بی بی شہید کا آج 79واں یوم شہادت ہے۔

1947ء میں مجاہدہ حسین بی بی شہید نے آزادی کشمیر کے لیے عزم، ہمت اور دلیری کی نئی داستان رقم کی۔ وہ 5 آزاد کشمیر رجمنٹ میں سپاہی کے طور پر بھرتی ہوئیں۔ آزادی کشمیر کی جدوجہد کے دوران وہ 4 اور 5 اکتوبر 1947ء کی درمیانی شب اُس ہراول دستے کا حصہ بنیں جس کے پاس چند ہی تلواریں اور بندوقیں موجود تھیں۔

محدود وسائل کے باوجود مجاہدہ حسین بی بی شہید نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اسے بھاری نقصان پہنچایا۔ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں بے مثال دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے 7 اکتوبر 1947ء کو جام شہادت نوش کیا۔

مجاہدہ حسین بی بی شہید کی عظیم قربانی اور شجاعت کے اعتراف میں انہیں تمغہ مجاہد حیدری سے نوازا گیا۔

آزادی کشمیر کے لیے ان کی جدوجہد عزم، ہمت، دلیری اور قربانی کی ایک نمایاں داستان کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔