طالبان رجیم کیخلاف مزاحمت تیز؛ افغانستان میں مسلح گروپوں کے تابڑ توڑ حملے

عوامی اور مسلح مزاحمت کی شدت سے ناجائز اور قابض طالبان رجیم کا اقتدار دن بہ دن کمزور ہونے لگا ہے


ویب ڈیسک October 07, 2026

افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف عوامی اور مسلح مزاحمت میں تیزی آگئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مسلح گروپوں کی جانب سے تابڑ توڑ حملے کیے جا رہے ہیں۔

عوامی اور مسلح مزاحمت کی شدت سے ناجائز اور قابض طالبان رجیم کا اقتدار دن بہ دن کمزور ہونے لگا ہے۔

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے بتایا کہ قندھار کے ضلع خاکریز میں طالبان کے امر بالمعروف کے محتسب عبدالرحمان کو ٹارگیٹڈ کارروائی میں ہلاک کردیا گیا۔ افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق ہلاک اہلکار شہریوں پر ظلم، تشدد، غیرقانونی گرفتاریوں، جھوٹے الزامات اور مارپیٹ میں ملوث تھا۔

دوسری جانب نیشنل موبلائزیشن فرنٹ کے مطابق طالبان رجیم کے خلاف کارروائی کے دوران جلال آباد میں ننگرہار جیل کے انٹیلی جنس سربراہ کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ نیشنل موبلائزیشن فرنٹ کا کہنا ہے کہ افغان طالبان، داعش اور ٹی ٹی پی کے مکمل خاتمے تک گوریلا کارروائیاں جاری رہیں گی۔