راولپنڈی میں نجی کلینک پر غلط انجکشن لگنے سے 30 سالہ شخص جاں بحق

ورثاء کا کہنا ہے کہ امجد دو بچوں کا باپ تھا اور اس کا بڑا بیٹا معذور ہے


ویب ڈیسک October 07, 2026
فوٹو فائل

راولپنڈی کی ہزارہ کالونی میں نجی کلینک پر مبینہ طور پر غلط یا زائد المیعاد انجکشن لگنے سے 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ متاثرہ شخص گلا خراب ہونے پر دوا لینے نجی کلینک گیا تھا۔

ورثاء کے مطابق ڈاکٹر کی ہدایت پر میل نرس نے مبینہ طور پر غلط یا زائد المیعاد انجکشن لگایا، جس کے بعد امجد رات بھر بازو میں شدید درد کی شکایت کرتا رہا۔

ورثاء کے مطابق امجد کو ڈی ایچ کیو اور ہولی فیملی اسپتال بھی لے جایا گیا، تاہم وینٹی لیٹر دستیاب نہ ہونے پر اسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بازو کی سرجری بھی کی گئی۔ بعد ازاں انفیکشن جسم میں پھیلنے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ورثاء کا کہنا ہے کہ امجد دو بچوں کا باپ تھا اور اس کا بڑا بیٹا معذور ہے۔ ان کے مطابق انجکشن کے بعد جسم میں شدید ری ایکشن ہوا، جس کے باعث نماز جنازہ جلد ادا کرکے تدفین کردی گئی۔

ورثاء نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔