وفاقی وزارت مذہبی امور نے کہا کہ کہا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 17 ہزار عازمین نے ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کرلی۔
ترجمان وفاقی وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم میں حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے اور اب تک 32 ہزار 178 سرکاری عازمین حج نے دوسری قسط کی ادائیگی کر لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ون لنک کے ذریعے 17 ہزار عازمین حج نے گھر بیٹھے دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کی، ایک ہزار 400 افراد نے بینک کارڈ اور 13 ہزار 800 افراد نے مینول بینک چالان کو ترجیح دی، ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 57 فیصد سے بڑھ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حج واجبات کی دوسری قسط کی مد میں 20.5 ارب روپے موصول ہو گئے ہیں، سرکاری اسکیم میں حج واجبات کی دوسری قسط کی ادائیگی کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر مقرر ہے۔
ترجمان مذہبی امور نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر ون لنک، کارڈ یا مینول بینک چالان سے مکمل ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری حج اسکیم میں ایک لاکھ 3 ہزار عازمین حج نے میڈیکل فنٹس سرٹیفیکیٹ ایپ پر اپلوڈ کر دیے، رہ جانے والے عازمین حج کو حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس فارم کو ڈاکٹر سے تصدیق کرانا لازم ہے۔