پی ایس ایل 12 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع

پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز اور پلیئر آکشن کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا


محمد یوسف انجم October 08, 2026

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 12 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 12 مسلسل دوسری بار آٹھ ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل اور فرنچائزز کی مشاورت کے بعد ونڈو فائنل کردی گئی۔

پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا تھا۔ اجلاس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

پی ایس ایل 11 میں پہلی بار پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا۔ پی ایس ایل 11 فائنل میں قذافی سٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں کی ریکارڈ شرکت کی تھی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی، سنسنی خیز لمحات اور ریکارڈ کراؤڈ دیکھنے کو ملا۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 نے براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ قائم کیے، ایک اور شاندار پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہیں۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے، پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پشاور زلمی نے 9 سال بعد پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگزمن کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز اور پلیئر آکشن کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا جبکہ شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ کی تفصیلات بعد میں جاری ہوں گی۔