میسی کے الوداع پر رونالڈو کا جذباتی پیغام

میسی اور رونالڈو نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک عالمی فٹبال پر حکمرانی کی اور دونوں کا ایک دوسرے سے موازنہ کیا جاتا رہا


اسپورٹس ڈیسک October 08, 2026

ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے شاندار بین الاقوامی سفر کے اختتام پر دنیا بھر سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

فٹبال کی دنیا میں میسی کے دیرینہ حریف پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی اپنے پیغام کے ذریعے میسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

میسی نے بینن کے خلاف ارجنٹائن کی 0-3 سے کامیابی میں ایک گول کیا اور دو گولز میں معاونت کی۔

بیونس آئرس کے مونومینٹل اسٹیڈیم میں 85 ہزار سے زائد شائقین نے اپنے ہیرو کو جذباتی انداز میں الوداع کہا۔ تقریب میں موسیقی، خصوصی خراجِ تحسین اور ڈرون شو بھی شامل تھا۔

میسی کی الوداعی تقریب کے بعد رونالڈو نے ان کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی میں میسی نے جو مقام حاصل کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور انہوں نے ارجنٹائن کے لیے میسی کی کامیابیوں کو سلام پیش کیا۔

میسی اور رونالڈو نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک عالمی فٹبال پر حکمرانی کی اور مسلسل ایک دوسرے سے موازنہ کیا جاتا رہا۔

اب دونوں اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں ہیں، اس لیے شائقین کے لیے بہتر یہی ہے کہ بحث اور مقابلے سے بڑھ کر ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتوں سے لطف اٹھایا جائے۔