پولینڈ کے اسکول میں چاقو بردار نوجوان کا حملہ، 9 افراد زخمی

حملے کے بعد پولیس نے مشتبہ نوجوان کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں


ویب ڈیسک October 08, 2026

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے شمال میں واقع ایک ووکیشنل اسکول میں 19 سالہ نوجوان نے چاقو سے حملہ کرکے 9 افراد کو زخمی کردیا۔ زخمیوں میں طلبہ، اساتذہ اور راہگیر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اوسٹرولینکا شہر میں پیش آیا، جو وارسا سے تقریباً 120 کلومیٹر دور واقع ہے۔ حملے کے بعد پولیس نے مشتبہ نوجوان کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق حملے میں 5 طلبہ، 2 اساتذہ اور 2 راہگیر زخمی ہوئے۔ پولیس ترجمان ماریوش زیرانسکی نے بتایا کہ کسی بھی زخمی کی جان کو خطرہ نہیں ہے۔

اوسٹرولینکا پراسیکیوٹر کے دفتر کی عہدیدار ایلبیتا ووکیویچ نے بتایا کہ نوجوان اسکول میں داخل ہوا اور ایک خطرناک آلے سے طلبہ اور اساتذہ پر حملہ کیا۔

پولیس نے مشتبہ نوجوان کو حملے کے تقریباً 20 منٹ بعد اسکول سے کچھ فاصلے پر گرفتار کرلیا۔ پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق گرفتاری سے قبل نوجوان نے خود کو بھی زخمی کیا تھا، جس کے بعد اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاج کے بعد اسے اسپتال سے فارغ کرکے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔

حکام نے اسکول سے ایک ایسا بیگ بھی قبضے میں لیا جسے مبینہ حملہ آور وہاں چھوڑ گیا تھا۔ بم ڈسپوزل ماہرین نے بیگ کو اپنے قبضے میں لے لیا جبکہ احتیاطی اقدام کے طور پر اسکول کو بند کردیا گیا۔

پولینڈ میں یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل یوکرین کی سرحد کے قریب واقع ایک پولش علاقے میں ایک خانقاہ میں ایک پادری کو بھی چاقو سے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اسکول حملے کے بعد سوشل میڈیا پر حملہ آور کی قومیت کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کرتی رہیں، تاہم حکام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں حملہ آور کی قومیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔