قبائلی اضلاع سمیت پختونخوا میں امن وامان کی بدترین صورتحال،عوام بنیادی سہولیات سے محروم

بنیادی سہولیات کی کمی اور عدم تحفظ کے احساس پر ضلع کرم کے شہریوں کی صوبائی حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید


ویب ڈیسک October 08, 2026

خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع سمیت مختلف علاقوں میں امن وامان کی خراب صورتحال، بے روزگاری، مہنگائی اور بڑھتی دہشت گردی کے باعث شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بنیادی سہولیات کی کمی اور عدم تحفظ کے احساس پر ضلع کرم کے شہریوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور عوام کے حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوئے ہیں۔

شہریوں نے شکایت کی کہ 2018 سے قبائلی اضلاع کے عوام مشکلات اور دربدری کا سامنا کررہے ہیں، جبکہ ان علاقوں میں ترقیاتی کام بھی نہیں ہورہے۔ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے مقامی آبادی کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

ضلع کرم کے شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک خصوصی کونسل تشکیل دی جائے، تاکہ ان علاقوں کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔

شہریوں نے قبائلی اضلاع کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں خصوصی حصہ دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خصوصی مالی وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ قبائلی علاقوں میں سڑکوں اور اسپتالوں کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جاسکیں۔