کراچی:
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وفاقی حکومت کی جانب سے صومالیہ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین میں فی کس 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔
اعلامیہ گورنر ہاوس کے مطابق گورنر سندھ نے شہداء کے لواحقین کو مالی معاونت اور پلاٹ کے لیے چیک پیش کیے۔ یہ چیک شہید محمود انصاری، شہید سید کاشف عمر اور شہید رؤف اللہ خان کے لواحقین کو دیے گئے۔
اس موقع پر شہداء کے لواحقین نے وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ شہید رؤف اللہ خان کے بھائی نے کہا کہ حکومت نے مشکل کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کا ساتھ دیا ہے۔
شہید سید کاشف عمر کے بیٹے اور شہید محمود انصاری کے لواحقین نے بھی وزیراعظم اور وفاقی حکومت سے اظہار تشکر کیا۔ لواحقین نے صومالیہ سے شہداء کی میتیں پاکستان واپس لانے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔